نئی دہلی ،26مئی(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے واحد دہرے ذاتی اولمپکس میڈلسٹ پہلوان سشیل کمار آج 34 سال کے ہو گئے۔سشیل کی پیدائش 26 مئی 1983 کو یہاں نجف گڑھ کے پاس بارپولا گاؤں میں ہوئی۔ انہوں نے 14 سال کی عمر سے ہی پہلوانی شروع کر دی تھی۔پدم بھوشن، دروناچاریہ اور ارجن ایوارڈ یافتہ پہلوان ستیہ پال سے پہلوانی کے کرتب سیکھنے والے سشیل نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں کانسہ اور 2012 لندن اولمپکس میں ہندوستان کے لئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے علاوہ 2010 اور 2014 دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کر چکے ہیں۔ سشیل 2010 عالمی چیمپئن شپ میں بھی طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔وزیر کھیل وجے گوئل نے سوشل میڈیا پر سشیل کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ سشیل کمار کو سالگرہ کی مبارک باد،بھگوان سے آپ کی اچھی صحت اور لمبی عمر ہونے کی دعاء کرتا ہوں، ہمیشہ نوجوانوں کو حوصلہ افزائی کرتے رہیں۔ ستیہ پال نے لکھا کہ میرے سب سے زیادہ محبوب شاگرد اور داماد کو سالگرہ مبارک ہو،بھگوان آپ کو بہت کامیابی دے اور آگے آنے والی آپ کی زندگی بھی بہترین ہو اور ہمارے ملک کو آپ شہرت دلائیں، جیسا کہ آپ ہمیشہ کرتے آئیں ہیں، میری دعاء اور نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں، محنت کرتے رہیں، سالگرہ مبارک ہو!۔ہندوستان کے ا سٹار باکسر وجیندر سنگھ نے سشیل کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ سالگرہ مبارک ہو بھائی۔ہندوستانی اولمپک یونین کے سرکاری ٹویٹر پیج نے بھی سشیل کی تصویرکی شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ آئی اوای ٹیم کی جانب سے اولمپکس چاندی اور کانسے کا تمغہ فاتح اور پدم شری یافتہ سشیل کو سالگرہ کی مبارک باد۔سشیل کو سال 2005 میں ارجن ایوارڈ، سال 2009 میں راجیو گاندھی کھیل رتن اور سال 2011 میں پدم شری جیسے ملک کے اعلی اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔